گستاخانہ خاکے‘ فرانس سے تعلقات منقطع کئے جائیں‘انجینئر عثمان

October 27, 2020

کوئٹہ(پ ر)جمعیت علماء اسلام کے رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی انجینئر حاجی عثمان بادینی نے کہا ہے کہ فرانس میں باربار گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور ترویج مسلم امہ کیلئے ناقابل برداشت ہے جبکہ فرانسیسی صدر کی جانب سےانتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا گیا جس میں انہوں نے گستاخانہ خاکوں کو اظہار رائے کی آزادی کانام دے کر اس کا دفاع کیاا جس کی وجہ سے مسلم دنیا کی نہ صرف دل آزاری ہوئی بلکہ مسلم امہ میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں اظہار رائے کی آزادی کاسہارا لے کر طویل عرصے سے مسلمانوں کی دل آزاری کا سلسلہ جاری ہے ،پیغمبر اسلام حضرت محمدﷺ اور مذہب کی شان میں گستاخانہ عمل عالمی سطح پر تعصب اور نسل پرستی کو ہوا دینے کی سازش ہے جس کاعالمی برادری اور ذمہ دار اداروں کونوٹس لیناچاہئے،انہوں نے کہا کہ مسلمان کسی صورت نبی پاکؐ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتا لہٰذا وفاقی حکومت فوری طور پر معاملے کو اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں میں اٹھائے اور فرانس کے سفیر کو ملک بدر کرنے کے ساتھ فرانسیسی مصنوعات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا جائے۔