پیاز کی چائے، کھانسی، نزلہ، زکام کا بہترین علاج

October 27, 2020

موسم کے بدلتے ہی کمزور قوت مدافعت رکھنے والے افراد متعدد وائرل بیماریوں میں گھر جاتے ہیں جن سے بچنے اور مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے فاسفورس سے بھرپور غذا پیاز کی چائے کو معاون پایا گیا ہے۔

ماہرین غذائیت کے مطابق پیاز میں قوت مدافعت کو مضبوط بنانے کے لیے متعدد قدرتی اجزا پائے جاتے ہیں، آسانی سے ہر گھر میں دستیاب پیاز کی چائے بنا کر استعمال کی جا سکتی ہے جو موسم کی تبدیلی کے دوران کھانسی، نزلہ، زکام اور جِلدی انفیکشن سمیت متعدد بیماریوں سے بھی بچاتی ہے۔

ماہرین غذائیت کے مطابق پیاز وٹامن سی، اینٹی آکسیڈنٹس اجزا، میگنیشیم، آئرن اور زنک سے بھر پور ہوتا ہے، اس کے بے شمار فوائد حاصل کرنے اور مجموعی صحت بہتر بنانے کے لیے اس کا استعمال بطور سالاد کرنا نہایت مفید ثابت ہوتا ہے۔

پیاز کی چائے بنانے کے لیے درکار اجزا:

پیاز کی چائے بنانے کے لیے سب ہی اجزا با آسانی کچن میں دیستیاب ہوتے ہیں جن میں ایک درمیانی پیاز باریک کٹی ہوئی، 2 سے 3 کالی مرچ کے دانے، چھوٹی الائچی اور سونف شامل ہے۔

پیاز کی چائے بنانے کا طریقہ :

کسی برتن میں ایک گلاس پانی ابال لیں، اب اس میں ایک درمیانی باریک کٹی ہوئی پیاز اور 2 سے 3 دانے کالی مرچ کے شامل کر لیں، اب اس میں 1 چھوٹی الائچی، ایک چائے کا چمچ سونف شامل کر لیں پانی کو دھانپ کر رکھ دیں۔

اب اس پا نی کو 15 سے 20 منٹ کے لیے چھوڑ دیں، اس کے بعد پانی کو چھان لیں اور بغیر کسی مٹھاس کے شامل کیے استعمال کر لیں ۔

پیاز کے چھلکوںکی چائے بنانے کا طریقہ :

ایک کپ اُبلتے پانی میں سبز چائے یا کالی چائے ( ٹی بیگ ) ڈالیں اور ایک درمیانی پیاز کے چھلکے شامل کر لیں۔

اب اس گرم چائے کے کپ کو 10 منٹ کے لیے ڈھانپ کر چھوڑ دیں، بعد ازاں چائے چھان لیں اور اس میں چند قطرے لیموں اور حسب ذائقہ شہد شامل کر کے استعمال کر لیں۔