• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کدو کے بیج کے صحت پر حیرت انگیز فوائد

کدو کے بیج مجموعی صحت کے لیے انتہائی مفید قرار دیے جاتے ہیں، کدو کے بیجوں کا استعمال وزن میں کمی سے لے کر بالوں کی افزائش تک معاون ثابت ہوتا ہے۔

غذائی ماہرین کے مطابق کدو کے بیج غذائیت سے بھر پور ہوتے ہیں جن کا بطور اسنیکس استعمال کرنا مجموعی صحت پر انتہائی مثبت اثرات مرتب کرتا ہے، کدو کے بیجوں میں میگنیشیم، کوپر، پروٹین اور زِنک بھر پور مقدار میں پایا جاتا ہے۔

اس میں مزید فیٹی ایسڈ کی مقدار بھی پائی جاتی ہے جس کے سبب خون کی ترسیل رواں رکھنے والی شریانوں کی صحت بہتر ہوتی ہے اور کولیسٹرول لیول مثبت سطح پر رہتا ہے۔


کدو کے بیجوں کے 100 گرام میں 446 کیلوریز، 19 گرام فیٹ، 3.7 گرام سیچوریٹڈ فیٹ، پایا جاتا ہے جبکہ اس میں 18 ملی گرام سوڈیم، 919 ملی گرام پو ٹاشیم، 18 گرام ڈائٹری فائبر پاتا ہے، علاوہ ازیں کدو کے بیجوں میں 19 گرام پروٹین، 5 فیصد کیلشیم، 18 فیصد آئرن اور 65 فیصد میگنیشیم پایا جاتا ہے ۔

کدوں کے بیجوں کے استعمال سے صحت پر آنے والے چند مثبت اثرات مندرجہ ذیل ہیں :

شوگر کے مریضوں کے لیے مفید

کدو کے بیج خون میں موجود شوگر لیول کو متوزن رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں، شوگر کے مریضوں سمیت بلڈ پریشر اور ہائی کولیسٹرول لیول کے مریضوں کے لیے بھی انتہائی مفید قرار دیا جاتا ہے، کدو کے بیجوں کا استعمال روزانہ کی بنیاد پر بطور اسنیکس کرنا چاہے۔

دل کی صحت کے لیے معاون

کدو کے بیجوں میں اینٹی آکسیڈنٹ، گُڈ فیٹ اور فائبر پایا جاتا ہے جو کہ دل کی صحت کے لیے نہایت مفید ہے، کدو کے بیجوں میں میگنیشیم اور ’مونو سیچوریٹڈ فیٹی ایسڈ‘ پائے جانے کے سبب بلڈ پریشر بھی متوازن رہتا ہے۔

پر سکون نیند میں معاون

کدو کے بیجوں میں’سیروٹونین‘ جز پایا جاتا ہے جو کہ پر سکون نیند کا باعث بنتا ہے، ماہرین کی جانب سےسیروٹونین کو قدرتی نیند کی دوا قرار دیا جاتا ہے۔

 کدو کے بیجوں میں ’ ٹرائپٹوفن ‘ کی بھی بھر پور مقدار پائی جاتی ہے جس سے امینو ایسڈ مل کر سیروٹونین کی افزائش بڑھاتا ہے، نتیجے میں انسان پر سکون اور بہتر نیند سوتا ہے، سونے سے قبل کدو کے چند بیج کھا لینے سے تھکادینے والی روٹین کے باوجود بہتر نیند آتی ہے۔

بالوں کی بہتر افزائش

کدو کے بیجوں کو غذائیت کا پاور ہاؤس بھی کہا جاتا ہے، ان میں ’کوکوربیٹاسین‘ اور امینو ایسڈ پائے جانے کے سبب بالوں کی افزائش بہتر طریقے سے ہو پاتی ہے، کدو کے بیجوں میں موجود وٹامن سی بھی بالوں کی افزائش میں کردار ادا کرتا ہے۔

وزن میں کمی میں معاون

کدو کے بیجوں کے استعمال سے غذائیت سمیت انسانی صحت کے لیے ضروری اجزا کی کمی واقع نہیں ہوتی ہے، ان کے استعمال سے انسان خود کو تادیر سیر محسوس کرتا ہے اور بھوک کا احساس نہیں ہوتا جس کے نتیجے میں وزن قدرتی طور پر کم ہونا شروع ہو جاتا ہے۔

تازہ ترین