• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیٹ کی ضدی چربی گھلانے کیلئے ادرک کا استعمال

پیٹ کی ضدی چربی گھلانے کے لیے تُرش ذائقے اور رس سے بھری، ہرے مسالے میں شمار کی جانے والی غذا ادرک نہایت مفید ہے۔

ادرک کا استعمال زمانہ قدیم سے کیا جا رہا ہے جبکہ اسے کھانوں کا ذائقہ بڑھانے کے علاوہ ایک دوا کی سی حیثیت بھی حاصل ہے، ادرک کو چربی گھلانے کے لیے بہترین آپشن قرار دیا جاتا ہے۔

مارکیٹ میں آسانی سے دستیاب اور جیب پر ہلکا ثابت ہونے والی ادرک ایک قدرتی غذا ہے جس کے استعمال سے صحت پر کوئی مضر اثرات بھی نہیں آتے ہیں۔

ادرک کے 100 گرام میں 80 کیلوریز، 415 ملی گرام پوٹاشیم، 18 گرام کاربوہائیڈریٹس، 1.7 گرام شوگر، 1.8 گرام پروٹین اور وٹامنز کے لحاظ سے 18 فیصد وٹامن سی، 10 فیصد وٹامن بی 6، اور 10 فیصد میگنیشئم پایا جاتا ہے جبکہ اس میں 3 فیصد آئرن بھی موجود ہوتا ہے ۔

وزن میں کمی اور چربی گھلانے کے لیے ادرک کے استعمال کے طریقے اور فوائد مندرجہ ذیل ہیں:

بھو ک میں کمی

اکثر اوقات ذہنی دباؤ یا کسی پریشانی کے دوران انسان زیادہ کھانا پینا شروع کر دیتا ہے اور اس دوران مثبت اور منفی اثرات رکھنے والی غذا میں کوئی فرق نہیں رکھا جاتا۔

ماہرین غذائیت کے مطابق اپنی روزانہ کی روٹین میں  اگر ادرک کا استعمال شامل کر لیا جائے تو غذا میں موجود وٹامنز اور منرلز کو اچھے طریقے سے جذب ہونے میں مدد ملتی ہے بلکہ اس کے استعمال سے بھوک میں کمی بھی واقع ہوتی ہے اور جسم میں موجود مضر صحت مادوں کا صفایا ممکن ہوتا ہے۔

جرنل میٹابالزم میں شائع ہونے والی ایک ریسرچ کے مطابق ادرک کے استعمال سے تا دیر بھوک نہیں لگتی۔

ادرک میں اینٹی اوبیسٹی اجزا موجود ہوتے ہیں

جرنل آف دی سائنس آف فوڈ اینڈ ایگریکلچر میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق ادرک میں موٹاپے کی بننے والی وجوہات کے خلاف لڑنے کی صلاحیت پائی جاتی ہے۔

اس میں موجود ’جینجرول‘ نامی لیپیڈ موٹاپا بننے میں رکاوٹ بنتا ہے اور غذا کو جلدی ہضم ہونے میں بھی کردار ادا کرتا ہے ۔

جینجرول لیپیڈ کے سبب خون میں موجود شوگر لیول بھی متوازن رہتا ہے ۔

متاثرہ پٹھوں کی بحالی میں کردار ادا کرتا ہے

ادرک کے استعمال سے ورزش کے دوران یا کسی وزنی چیز اٹھانے کے نتیجے میں متاثر ہونے والے پٹھوں کی مرمت کا عمل تیز ہوتا ہے، اس کے استعمال سے میٹابالزم بھی تیز ہوتا ہے، سوجن میں کمی آتی ہے اور سوزش کی بننے والی وجوہات کا خاتمہ ہوتا ہے، پیٹ پھولنے سے بچاتا ہے اور آنتوں سے متعلق شکایات دور کرتا ہے ۔

ادرک کے استعمال کا طریقہ :

اپنی روٹین میں ادرک کو بطور سلاد شامل کیا جا سکتا ہے یا اس کا قہوہ بنا کر دن میں 2 سے 3 بار پیا جا سکتا ہے۔

ادرک کا ایک انچ کا ٹکڑا موٹا موٹا پیس کر یا ٹکڑوں میں کاٹ کر نیم گرم پانی میں ڈال کر سارا دن استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔

ادرک کو کسی بھی غذا سے قبل براہ راست چبایا بھی جا سکتا ہے۔


ادرک کا استعمال کسی بھی سبزی یا فروٹ کی اسموتھی میں بھی کیا جا سکتا ہے۔اس سے ڈیٹاکس واٹر بھی بنایا جا سکتا ہے۔

ادرک کا ایک ٹکڑا لیں اور چھوٹا چھوٹا کاٹ کر پانی کی بوتل میں شامل کرلیں، کسی ایسی پانی کی بوتل کا انتخاب کریں جس میں ایک وقت میں 6 گلاس پانی آ جاتا ہو، اب اس میں ایک لیموں بھی نچوڑ لیں، یہ ڈیٹاکس واٹر دنوں میں پیٹ کی چربی ختم کر دے گا۔

تازہ ترین