چھاتی کے کینسر سے آگاہی، اسٹیٹ بینک میوزیم بلڈنگ گلابی لائٹس سے روشن

October 27, 2020

چھاتی کے سرطان سے آگاہی مہم کے سلسلے میں اسٹیٹ بینک میوزیم کی عمارت پر گلابی لائٹس روشن کی گئیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے تحت چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی مہم کے سلسلے میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر اسٹیٹ بینک میوزیم بلڈنگ کو گلابی لائٹس سے روشن کردیا گیا۔

تقریب سے خطاب میں گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا کہ تشویشناک بات ہے کہ پاکستان میں بریسٹ کینسر کی شرح زیادہ ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہر سال 90 ہزار کینسر کے کیسز سامنے آرہے ہیں، کینسر سے 40 فیصد کی موت ہوجاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر بروقت اس کینسر کی تشخیص ہو تو 90 فیصد مریضوں کو بچایا جاسکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ کینسر کے پھلاؤ کو روکنے کے لیے اسٹیٹ بینک تمام اداروں کی بھر پور مدد کرے گا۔

رضا باقر کا کہنا تھا کہ ہم سب کو بریسٹ کینسر کے پھیلاؤ کے روکنے کی مہم میں ساتھ ساتھ چلنا ہوگا۔

تقریب سے بینک الفلاح لمیٹڈ کے صدر عاطف باجوہ نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ پنک ربن مہم میں بینک سپورٹ فراہم کرے گا۔