کشمیرکے یوم سیاہ پر پاکستان ہائی کمیشن لندن میں تصاویر کی نمائش

October 28, 2020

لندن (جنگ نیوز) برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر معظم احمد خان نےکشمیر میں یوم سیاہ کے موقع پر ہائی کمیشن لندن میں تصاویر کی ایک روزہ نمائش کااہتمام کیا ،جس میں بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت اور انسانیت کے خلاف جرائم کو اجاگر کیاگیاتھا ،اقوام متحدہ کے دفاتر، آئی این جی اوز ،رضاکار تنظیمیں اور بین الاقوامی میڈیا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے شکار مظلوم شہریوں کی دلدوز حالت زار کا مسلسل اظہار کرتا رہاہے ، ہائی کمشنر معظم احمد خان نے اس موقع پر کشمیری شہیدوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اور حق خو ارادی کے حصول کیلئے ان کی جدوجہد اور ان کے عزم کی تعریف کی،انھوں نےنمائش دیکھنے آنے والوں اورمیڈیا کو 27اکتوبر کی اہمیت سے آگاہ کیا جب 1947 میں بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر پر زبردستی قبضہ کرلیا تھا انھوں نے بتایا کہ آج کے دن کنٹرول کے دونوں جانب اور پوری دنیا میں رہنے والے کشمیری یوم سیاہ کے طورپر مناتے ہیں ،مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے حقوق انسانی کی سنگین خلاف ورزیوں کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کرے اور مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری مظالم رکوائے ،ہائی کمشنرنے کہا کہ اس طرح کے ایونٹس کامقصد یہ ہے کہ انسانیت کے خلاف جرائم پر بھارت کامحاسبہ کیاجائے ،انھوں نے کہا کہ اس نمائش سے دیکھنے والوں کو مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ کئی عشروں سے بھارت کی قابض فوج کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم کی سنگینی کو سمجھنے مدد ملے گی، انھوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کیلئے ہر پلیٹ فارم سے آواز اٹھاتا رہے گا۔ سماجی فاصلے کاخیال رکھتے ہوئے کشمیری کمیونٹی اور فرینڈز آف کشمیر کے لوگوں نے چھوٹے چھوٹے گروپوں کی شکل میں سارا دن نمائش دیکھنے آتے رہے،اور کشمیر کے شہیدوں کوخراج عقیدت پیش کرتے اورگزشتہ ایک سال سے زیادہ عرصے سے محصور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے رہے ،انھوں نے کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے حق خود اختیاری کی جدوجہد کے دوران شہیدہونے والےکشمیریوں کی تصاویر پر پھول بھی نچھاور کئے ۔