ٹنچ بھاٹہ بازار تجاوزات کی زد میں ، ٹریفک جام معمول

October 28, 2020

راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) راولپنڈی کینٹ کا بازار ٹنچ بھاٹہ مکمل طور پر تجاوزات کی زد میں آیا ہوا ہے ۔دکانداروں نے کئی کئی فٹ تک اپنا سامان دکانوں کے باہر لٹکا رکھا ہے ، رہی سہی کسر ریڑھی والوں اور گاڑیوں پر سبزی و فروٹ فروخت کرنے والوں نے نکال دی ہے ، بائیس نمبر سے لیکر ٹینچ بھاٹہ کے آخری سٹاپ تک تجاوزات کی وجہ سے سڑک سکڑ چکی ہے جس کے نتیجے میں ٹریفک کا دن میں بار بار جام رہنا معمول بنا ہوا ہے،تجاوزات اور ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے لوگوں کیلئے مین روڈ پر چلنا بھی محال ہو جاتا ہے۔ ادھر کینٹ بورڈ حکام کا کہنا تھا کہ یہاں پر تجاوزات کے خلاف مسلسل آپریشن کی ضرورت ہے ، جب بھی یہاں گاڑیوں کے ذریعے تجاوزات کیخلاف آپریشن کیلئے پہنچتے ہیں تو روڈز پر تجاوز کنندگان چاہے وہ دکاندار ہوں یا پھر ریڑھی والے ہوں اپنا سامان لیکر گلیوں میں بھاگ جاتے ہیں ، اب ہم نے پلاننگ کی ہے کہ اس بازار اور ملحقہ گلیوں میں تجاوزات کیخلاف روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کیا جائے گا ۔