فرقوں کو تنازعات کیلئے استعمال نہ کیا جائے ،عالمی متحدہ علماء مشائخ کونسل

November 01, 2020

پشاور (لیڈی رپورٹر) عالمی متحدہ علماء مشائخ کونسل کے سربراہ علامہ محمد شعیب نے اسلام کو فرقوں کی بنیاد پر تقسیم کرنے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام ایک آفاقی مذہب ہے اور موجودہ دور میں فرقوں کو تنازعات کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے جس سے مسلمان کمزور ہو رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور پریس کلب میں منعقدہ سیرت النبی کی روشنی میں اتحاد امت پاکستان کانفرنس سے خطاب میں کیا ۔کانفرنس میں مرکزی صدر اتحاد امت پیر سید چراغ الدین شاہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔سیمینار میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے جید علماء کرام علامہ قاری انور بیگ ،علامہ محمود الحسن ،علامہ فواد حیدر ،پیر سیدد سجاد باچا،علامہ عابد حسین شاکری اور قاری اقبال شاہ حیدری نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام نے کہا کہ ہمیں فرقوں میں تقسیم نہیں ہونا چاہئے اور سیرت النبی پر اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہئے جس سے پاکستان میں فروعی مسائل حل ہونگے بلکہ عالم اسلام بھی مضبوط ہوگا۔ شرکاء نے کہا کہ مختلف مسائل کے حوالے سے فرقوں میں اختلاف پایا جاتا ہے لیکن اس اختلاف کو ایک دوسرے کے خلاف استعمال نہیں کرنا چاہئے انکا کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کے خلاف عالمی سازشیں کی جا رہی ہیں اور مسلمانوں کے وسائل پر قبضہ کرنے کیلئے اتحاد امت کو پارہ پارہ کرنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں جسکے لئے مسلکی مسائل پیدا کئے جا رہے ہیں، یہ علماء کرام کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس حوالے سےعوام میں آگاہی پیدا کریں اور مسلمانوں کو تقسیم در تقسیم کے عمل سے روکیں ،علماءنےپاکستان کی موجودہ صورت حال میں عوام سے اپیل کی کہ وہ دشمنوں کے آلہ کار وں سے با خبر رہیں اور کسی قسم کے انتشار کا حصہ نہ بنیں انہوں نے پاک فوج کی ملک میں قیام امن اور دہشت گرودں کے خلاف کارروائیوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ سمینار میں مشترکہ قرار داد منظور کی گئی جس میں ملک میں مہنگائی کو روکنے سمیت کشمیر سے بھارتی افواج سے نکل جانے اور مدارس کی سکیورٹی کیلئے خصوصی انتظامات کا مطالبہ کیا گیا۔ مدرسہ بم دھماکے میں شہید ہونیوالے طلبہ کیلئے دعا کی گئی اور زخمیوں کی صحت یابی کیلئے عا کی گئی اور مطالبہ کیا کہ دھماکے میں متاثرہ طلبہ کی مزید مالی تعاون کیا جائے ۔