اکتوبر میں سیمنٹ کی اب تک کی سب سے زیادہ فروخت ہوئی، عبدالرزاق داؤد

November 05, 2020

مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ سیمنٹ پیداوار میں گزشتہ سال کے مقابلے 15 اعشاریہ83 فیصد کا اضافہ ہوا۔

مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے اسلام آباد میں سیمنٹ برآمدات سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا کہ اکتوبر میں سیمنٹ کی اب تک کی سب سے زیادہ فروخت 5 اعشاریہ735 ملین ٹن رہی۔

اپنے بیان میں عبدالرزاق داؤد نے نے کہا کہ یہ حوصلہ افزا ہے کہ اکتوبر میں سیمنٹ کی برآمد میں 19 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ گزشتہ سال کے مقابلے میں سیمنٹ کی برآمدات 32 اعشاریہ86 ملین ڈالر رہیں۔

مشیر تجارت کا یہ بھی کہنا تھا کہ گزشتہ سال سیمنٹ کی برآمدات 27 اعشاریہ62 ملین ڈالر تھیں، جولائی تا اکتوبر سیمنٹ کی برآمدات 10 اعشاریہ 8 فیصد اضافہ ہوا۔

اسلام آباد میں بیان دیتے ہوئے عبدالرزاق داؤد نے یہ بھی کہا کہ اضافے کے ساتھ سیمنٹ برآمدات 105 اعشاریہ18 ملین ڈالر رہیں جبکہ گزشتہ سال سیمنٹ کی برآمدات 94 اعشاریہ97 ملین ڈالر تھیں۔