بائیڈن کی کامیابی تقریباً یقینی، صدارتی سیکورٹی مل گئی، ٹرمپ ضد پر قائم

November 07, 2020

بائیڈن کی کامیابی تقریباً یقینی، صدارتی سیکورٹی مل گئی

واشنگٹن( اے ایف پی، خبرایجنسیاں،جنگ نیوز)امریکی صدارتی انتخاب ،بائیڈن کی کامیابی یقینی ، صدارتی سیکورٹی مل گئی،ٹرمپ ضد پر قائم، پنسلوینیا،ایریزونا، نیواڈامیں بائیڈن ، شمالی کیرولینا میں ٹرمپ آگے، جارجیا میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا فیصلہ کیاگیاہے۔

امریکی میڈیا کےمطابق ڈیمو کریٹک صدارتی امیدوار بائیڈن کو امریکا کا صدر منتخب ہونے کیلئے صرف 6 نشستیں درکار ہیں جبکہ فیصلہ کن ریاستوں پنسلوینیا، ایریزونا، نیواڈا اور جارجیامیں بائیڈن ٹرمپ سے آگے ہیں تاہم جارجیا اور پنسلوینیا میں دونوں امیدواروں کے درمیان کچھ ہزار ووٹس کا ہی فرق ہے۔

دوسری جانب جارجیامیں ہی ووٹس کی دوبارہ گنتی کا بھی فیصلہ کیاگیاہے،جارجیا کےقانون کےمطابق اگر امیدواروں کے حاصل کردہ ووٹوں میں فرق 0.5 فیصد سے کم ہو تو کوئی بھی فریق ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مطالبہ کرسکتا ہے۔

اطلاعات کے مطابق بائیڈن کو فی الحال اس ریاست میں ٹرمپ پر 1500 ووٹوں کی برتری حاصل ہے جبکہ 4169 ووٹوں کی گنتی باقی ہے۔ اس کے علاوہ 8 ہزار ملٹری اہلکاروں کے ووٹ ڈاک کے ذریعے پہنچ رہے ہیں جنہیںشامل کیاجائے گا۔

امریکی صدارتی انتخاب میں ممکنہ کامیابی کے پیش نظر جوبائیڈن کی سیکورٹی کیلئے امریکی سیکرٹ سروس نے اپنے مزید اہلکار ولمنگٹن روانہ کردیے،امریکا میں صدارتی انتخاب میں کامیابی کی صورت میں نامزد صدر کی سیکیورٹی موجودہ صدرکے برابرکردی جاتی ہے۔

دوسر ی جانب ری پبلکنز کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ جنہوں نے ابھی تک 214الیکٹورل ووٹس حاصل کیے ہوئے ہیں وہ صرف شمالی کیرولینا میں بائیڈن سے آگے ہیں اور غیر حتمی نتائج کے مطابق انہوں نے اس ریاست میں 50 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کرلیے ہیں۔

علاوہ ازیں امریکی صدر ٹرمپ انتخابات میں دھاندلی کے الزامات عائد کرچکے ہیں اور وہ اپنی ضد پر قائم رہتے ہوئے فیصلہ کن ریاستوں کے انتخابی نتائج کو عدالت میں چیلنج کرنے کا کہہ چکے ہیں، بہر حال گزشتہ روز مشی گن کی عدالت نے ٹرمپ مہم کی درخواست مسترد کردی تھی۔

ٹرمپ کی مہم کے جنرل قونصل میٹ مورگن نے الیکشن میں بے ضابطگیوں اور دیگر مزید الزامات عائد کرتے ہوئے کہاہےکہ الیکشن ابھی ختم نہیں ہوئے،بائیڈن کی جیت کی پیشگوئیاں کرنا ابھی قبل از وقت ہے کیوں کہ ان 4 فیصلہ کن ریاستوں کے حتمی نتائج آنا ابھی باقی ہیں۔

ادھر ری پبلکن سینیٹر مٹ رومنی نے ٹرمپ کی جانب سے الیکشن میں دھاندلی کے الزامات عائد کرنے پر ٹرمپ کو ہی تنقید کا نشانہ بنایاہے اور کہاکہ ٹرمپ نے ایسے الزامات لگا کر غلط کیا۔

مزید برآں امریکی نیوز چینلز نے بغیر ثبوت دھاندلی کے الزامات لگانے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پریس کانفرنس کی براہ راست نشریات روک دیں،امریکی صدارتی انتخاب کے بعد گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلی بار پریس کانفرنس کی اور یہ پریس کانفرنس 17 منٹ تک جاری رہی۔