گلشن معمار: مزاحمت پر دکاندار زخمی، اہل محلہ کے تشدد سے ایک ڈاکو ہلاک

November 07, 2020

کراچی کے ضلع ملیر کے علاقے گلشن معمار میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کرکے فرار ہونے والے 2 ملزمان کو اہل محلہ نے پکڑ لیا۔ عوامی تشدد سے ایک ملزم ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرے کو پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق سپرہائی وے پر گلشن معمار تھانے کی حدود جنجال گوٹھ میں ایک دکان پر دو ملزمان نے ڈکیتی کی، مزاحمت کرنے پر ملزمان نے فائرنگ کردی جس سے دکاندار زخمی ہوا۔

ملزمان فرار ہوئے تو اہل محلہ نے تعاقب کرکے دونوں ملزمان کو پکڑ لیا اس دوران شہریوں نے ایک ملزم کو ہلاک کردیا۔

عرفان بہادر کے مطابق اطلاع ملتے ہی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی اور مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں پکڑ لیا۔

پولیس کے مطابق ہلاک اور زخمی ملزم کی فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی۔

زخمی ہونے والے دکاندار کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔