واسع جلیل اپنے گریبان میں دیکھیں پھر بات کریں، ناصر حسین شاہ

November 07, 2020

وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ واسع جلیل اپنے گریبان میں دیکھیں پھر بات کریں، آپ اب کسی کو بھی بیوقوف نہیں بناسکتے اور یہ مہاجر قوم کا لفظ آپ استعمال نہ کریں تو بہتر ہے۔

ناصر حسین شاہ نے ایم کیو ایم لندن کے رہنما واسع جلیل کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ واسع جلیل آپ جب کراچی میں سیاہ و سفید کے مالک تھے تو سوائے لاشوں کے آپ نے اس شہر کے لوگوں کیا دیا، اصل استحصال تو اپنے عوام کا آپ لوگوں نے کیا ہے۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ آج یہ الزام آپ پیپلز پارٹی پر نہیں لگاسکتے، ذرامڑ کر پیچھے دیکھیں جو آگ آپ لوگوں نے لگائی تھی اس کو ہم نے بجھایا ہے۔

وزیر اطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ اس شہر کو امن کا گہوارہ ہم نے بنایا ہے، جو نفرتیں آپ نے پیدا کیں ان کو ہم نے محبتوں میں تبدیل کیا۔