مسلمانوں کو اب پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، جمائما کا وین جونز کو حوصلہ

November 08, 2020

برطانوی فلم پروڈیوسر جمائما خان نے جوبائیڈن کی جیت پر جذباتی ہونے والے معروف اینکر وین جونز کو حوصلہ دے دیا۔

جمائما نے لکھا کہ ’اب امریکا میں مسلمانوں کو اس بات پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کہ آپ کے صدر کو آپ کا امریکا میں ہونا پسند نہیں۔‘

انہوں نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے میزبان وین جونز جو بائیڈن کی جیت کی خبر پر جذباتی ہو گئے تھے اور دورانِ نشریات رو پڑے تھے، کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انہی کے الفاظ اپنے ٹوئٹ میں بھی لکھے۔

خیال رہے کہ وین جونز نے نشریات کے دوران کہا تھا کہ آج امریکا کے لیے بہت بڑا دن ہے۔ آج اس ملک میں تارکین وطن، سیاہ فام اور مسلمانوں سمیت بہت سے لوگوں نے سکھ کا سانس لیا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جہاں جارج فلوائڈ کی طرح کتنے لوگوں کی سانس رکی ہوئی تھی۔ اب امریکا میں مسلمانوں کو اس بات پر پریشان ہونے کی ضرورت نہیں کہ آپ کے صدر کو آپ کا امریکا میں ہونا پسند نہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آج اس ملک میں باپ کے لیے آسان ہے کہ وہ اپنے بچوں کو بتائے کہ اچھا انسان ہونا کتنا اہم ہے۔

واضح رہے کہ ڈیموکریٹ امیدوار جو بائیڈن امریکا کے 46ویں صدر منتخب ہوگئے ہیں، ریاست پنسلوانیا میں ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد جو بائیڈن کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 273 ہوگئی جبکہ اُن کے حریف ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے الیکٹورل ووٹوں کی تعداد 214 ہے۔