مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس طلب، اہم امور پر غور ہوگا

November 09, 2020

مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کا 43واں اجلاس 11 نومبر کو طلب کیا گیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں چاروں وزرائے اعلیٰ شریک ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی سال 2018-19 کی رپورٹ پیش کی جائے گی۔

اجلاس میں انڈسٹری کی صورتحال پر بھی رپورٹ پیش ہوگی اور ساتھ ہی سی سی آئی کے گزشتہ اجلاسوں کے فیصلوں پر عمل درآمد کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔


ذرائع کے مطابق پاکستان کی چھٹی مردم شماری کے نتائج کے نوٹیفکیشن کے اجراء پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

سی سی آئی کے اجلاس میں لیکوڈ نیچرل گیس (ایل این جی) کی امپورٹ کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا صوبائی کانسولیٹیڈ فنڈ سے غیر قانونی کٹوتی کے معاملے پر گفتگو کی جائے گی۔

سی سی آئی کے اجلاس میں 18 ویں ترمیم کے بعد ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سے متعلقہ امور بھی زیر غور آئیں گے۔

ذرائع کے مطابق سی سی آئی میں1991 کے آبی معاہدے کے حوالے سے اٹارنی جنرل کی سفارشات بھی زیر بحث آئیں گی۔