کراچی: بے قابو واٹر ٹینکر کے بینک میں گھسنے کا مقدمہ درج

November 10, 2020

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں بے قابو واٹر ٹینکر کے بینک میں گھسنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق حادثے کا مقدمہ ٹینکر کے مفرور ڈائیور کے خلاف نارتھ ناظم آباد تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔ حادثے میں ایک شخص جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہوئے تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حادثے میں 2 گاڑیاں اور 5 موٹر سائیکلیں بھی تباہ ہوئی تھیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں تیز رفتار واٹر ٹینکر بے قابو ہو کر بینک میں گھس گیا تھا جس سے متعدد افراد زخمی جبکہ ایک شخص جاں بحق ہوگیا تھا۔

پولیس کے مطابق زخمیوں میں بینک کا سیکورٹی گارڈ،ڈرائیور اور راہگیر شامل ہیں۔