نواز شریف بھی اوورسیز پاکستانی بنے ہوئے ہیں، ذلفی بخاری

November 12, 2020


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی ذلفی بخاری کا کہنا ہے کہ نواز شریف بھی اوورسیز پاکستانی بنے ہوئے ہیں، اگر آپ ملک واپس آجائیں، تو روندو میں اوورسیز کے دفتر کا افتتاح آپ سے کرائیں گے۔

اسکردو میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ذلفی بخاری نے کہا کہ ہم کامیاب ہونے کے بعد کھیل کے میدان دیں گے اور گلگت بلتستان میں سیاحت کو مزید فروغ دیں گے۔

ذلفی بخاری نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگوں کو بیرون ملک بھیجنے کے مواقع فراہم نہیں کئےگئے، ہم انہیں فنی تعلیم دیں گے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ کچھ لوگوں کی طرف سے گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے پر سیاست کی جارہی ہے، وہ لاڑکانہ کی حالت دیکھیں، پہلے اپنے لوگوں کا توخیال رکھیں۔

ذلفی بخاری نے کہا کہ الیکشن کو ایک ریفرنڈم سمجھیں، یہ حقوق کی بات ہے۔