سندھ بار کا جسٹس وقار کے انتقال پر اظہارِ افسوس

November 13, 2020


سندھ بار کونسل کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ کے انتقال پر افسوس و رنج کا اظہار کیا گیا ہے۔

سندھ بار کونسل کے وائس چیئرمین نے جاری کیئے ایک تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ کے انتقال پر دلی افسوس ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ کے انتقال کے سوگ میں سندھ بھر میں عدالتی امور معطل رہیں گے ۔

دوسری جانب چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے بھی چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ کے انتقال کے سوگ میں عدالتوں کی کارروائی معطل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

سندھ ہائی کورٹ کے رجسٹرار کے مطابق سندھ ہائی کورٹ اور ماتحت عدالتوں میں کیسز کی کارروائی معطل کر دی گئی ہیں، صرف اہم نوعیت کے مقدمات کی سماعت ججز کے چیمبر میں ہو گی۔