پاکستان کا نیا افغان ٹریڈ ٹرانزٹ معاہدے کا فیصلہ

November 13, 2020


پاکستان اور افغانستان ترجیحی تجارتی معاہدہ کے لیے مذاکرات پر متفق ہوگئے ہیں اور اس ضمن میں کستان نے افغانستان کے ساتھ افغان ٹریڈ ٹرانزٹ کا نیا 10 سالہ معاہدہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے پر دونوں ملکوں کے مذاکرات 16 نومبر سے ہوں گے جبکہ تجارتی تعلقات میں اہم پیش رفت اور دو طرفہ آزادانہ تجارت کے معاہدہ پر بات چیت کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کی قیادت میں افغانستان کا دورہ کرے گا، مشیر تجارت 16 نومبر کو 3 روزہ دورہ پر افغانستان پہنچیں گے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان نے 30 مصنوعات کی فہرست پاکستان کو فراہم کردی ہے جبکہ نئے مذاکرات میں پاکستان اپنی مصنوعات کی فہرست افغانستان کو فراہم کرے گا۔

وفاقی حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں ترجیحی تجارتی معاہدہ اور دوسرے مرحلے میں آزاد تجارتی معاہدے پر بات چیت ہوگی.

واضح رہے کہ پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کا معاہدہ آئندہ سال کے آغاز پر ختم ہو رہاہے جبکہ نیا معاہدہ 10 سال کے لیے ہوگا۔