• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خطے میں امن کیلئے پاکستان کی کاوشیں قابل قدر ہیں، عبداللّٰہ عبداللّٰہ

چیئرمین افغان مصالحتی کونسل ڈاکٹر عبداللّٰہ عبداللّٰہ نے کہا ہے کہ افغانستان خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

عبداللّٰہ عبداللّٰہ نے ان خیالات کا اظہار اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات میں کیا، جس میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت خطے کے امن و امان اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں قیام امن کے سلسلے میں پاکستان کے تعاون پر مشکور ہوں، افغانستان، پاکستان سے اپنے قریبی دوستانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔

عبداللّٰہ عبداللّٰہ نے مزید کہا کہ افغان حکومت اور عوام دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات میں مزید وسعت لانے کے خواہشمند ہیں۔

چیئرمین افغان مصالحتی کونسل نے یہ بھی کہا کہ افعانستان اور پاکستان مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے بہترین مواقع ہیں جن سے مزید استفادہ کیا جانا چاہیے، افغانستان، پاکستان سے اقتصادی و تجارتی شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔


اس موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ پرامن افغانستان پاکستان اور خطے کے بہترین مفاد میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پرامن، مستحکم اورخوشحال افغانستان کا خواہاں ہے، پاکستان، افغانستان کے ساتھ معاشی، اقتصادی اور علاقائی ترقی کے لیے تعاون مزید بڑھانا چاہتا ہے۔

اسد قیصر نے مزید کہا کہ پاکستان، افغان قیادت اور افعان عوام کی امنگوں کے مطابق امن عمل کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک افغان تعلقات، مذہب، اخوت، ثقافت اور ہمسائیگی کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں، سرحد کے دونوں جانب کے عوام کے درمیان محبت اور باہمی احترام کا رشتہ ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے یہ بھی کہا کہ ڈاکٹر عبداللّٰہ عبداللّٰہ کا دورہ پاک افغان تعلقات کو مستحکم کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افغان ویزا پالیسی میں مجوزہ تبدیلیاں منظوری کے لیے حکومت کو بھجوا دی ہیں۔

تازہ ترین