کورونا وائرس: امریکا اور پولینڈ میں تباہ کاریاں عروج پر

November 14, 2020

کورونا وائرس کی تباہ کاریاں دنیا بھر میں تیزی بڑھتی ہی جارہی ہیں، کہیں لاک ڈاؤن لگ گیا تو کہیں کرفیو کے باعث ہو کا عالم ہے۔

امریکا، پولینڈ، یوکرین، یونان، لبنان اور آسٹریا سے کورونا وائرس کے حوالے افسوسناک خبریں آرہی ہیں۔

امریکا میں ایک ہفتے سے یومیہ 1 لاکھ 30 ہزار سے زائد کورونا مریض رپورٹ ہورہے ہیں۔

خبر ایجنسی نے حکام کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ نیویارک شہر میں پیر سے اسکولز بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق نیویارک شہر میں ریستوران اور بازار رات 10 بجے سے بند کردیے جائیں گے۔


پولینڈ میں کورونا وائرس سے یومیہ اموات کا نیا ریکارڈ بن گیا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وبائی مرض نے 548 افراد کی جان لے لی۔

ادھر یوکرین میں آج سے 30 نومبر تک ویک اینڈز کے لاک ڈاؤن کا آغاز کردیا گیا ہے۔

یونان کی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر اسکول اور نرسریز 30 نومبر تک بند کردیں ہیں۔

خبر ایجنسی کے مطابق لبنان میں آج سے 2 ہفتوں کا لاک ڈاؤن کیا جارہا ہے، شام 5 سے صبح 5 بجے تک یعنی 12 گھنٹے کا کرفیو لگایا گیا ہے۔

آسٹریا میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے آگے بند باندھنے کے لیے منگل سے لاک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکام کے مطابق غیر ضروری اشیاء کی دکانیں بند رہیں گی جبکہ رات کا کرفیو اب پورے دن تک بڑھادیا گیا ہے، لاک ڈاؤن کا اطلاع 6 دسمبر تک ہوگا۔

آسٹرین حکام نے بلاضرورت گھر سے باہر نکلنے پر پابندی لگادی ہے اور کہا کہ جہاں ممکن ہو گا دفتری ملازمین گھروں سے کام کریں گے۔