بچی کو ملزمان سے بازیاب کرانے والے اے ایس آئی کو سول ایوارڈ سے نوازا جائے گا، گورنر سندھ

November 15, 2020

گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ کشمور میں بچی سے زیادتی کے ملزم کو گرفتار کرنے والے پولیس افسر محمد بخش کو اعلیٰ ترین سول ایوارڈ سے نوازا جائے گا اور وزیراعظم عمران خان بہت جلد محمد بخش کو وزیر اعظم ہاؤس بلاکر ان سے ملاقات کریں گے۔

عمران اسماعیل نے قومی ادارہ برائے صحت اطفال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمور میں معصوم بچی کو بچانے والے اے ایس آئی کوسلام پیش کرتا ہوں بچی زندگی اور موت کی جنگ لڑرہی ہے۔

گورنر سندھ نے اپنی اہلیہ اور دیگر کے ساتھ کشمور سے تعلق رکھنے والی بچی کی عیادت اور اس کی والدہ سے ملاقات کی۔

انہوںنے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ داروں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، بچی کے علاج معالجہ کے لئے وزیراعظم عمران خان کی واضح ہدایت ہے۔

گورنر سندھ نے سندھ پولیس کی کارکردگی کی بھی تعریف کی اور مالی مدد کے لئے بچی کی والدہ کو پانچ لاکھ روپے دینے کااعلان بھی کیا۔

عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ بچی کی کفالت، تعلیم اور اس کی والدہ کو نوکری دینے کا ذمہ وفاقی وزیر پورٹ اینڈ شپنگ نے لیا ہے۔