مریم نواز کی اسکیچ بنانے والے نوجوان سے ملاقات

November 16, 2020

مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے اسکیچ بنانے والے نوجوان سے ملاقات کی اور اظہار تشکر کیا۔

ملاقات میں مریم نواز نے اسکیچ بنانے والے شاہ خان سے گفتگو کی اور ان کی صلاحیتوں کے اعتراف میں ان کی کھل کر تعریف کی۔

شاہ خان نے کہا کہ میں نے متعدد معروف شخصیات کے اسکیچز بنائے اور انہیں بطور تحفہ پیش کئے لیکن مریم نواز جتنا پیار، حوصلہ اور محبت کسی نے نہیں دی۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز مردان سے تعلق رکھنے والے 13 سالہ نوجوان آرٹسٹ شاہ خان کی مداح ہوگئیں، شکریہ ادا کرنے کیلئے نمبر مانگ لیا تھا۔

سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر مریم نواز کو ٹیگ کرتے ہوئے شاہ خان کے بنائے گئے اسکیچز شیئر کئے گئے اور ساتھ ہی لکھا گیا کہ خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے اس نوجوان نے اپنی لیڈر مریم نواز کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے یہ اسکیچ بنایا ہے۔

مریم نواز نے نوجوان کی اس کاوش کو رائیگاں نہ جانے دیا اور ٹوئٹ پر ردعمل دے دیا، انہوں نے لکھا کہ براہِ کرم اس نوجوان سے رابطے کیلئے کوئی نمبر شیئر کریں۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ وہ خود ذاتی طور پر نوجوان آرٹسٹ کی حوصلہ افزائی اور شکریہ ادا کریں گی۔

مریم نواز نے ملاقات کا وعدہ پورا کیا اور نوجوان سے ملاقات کر کے اپنا اسکیچ وصول کیا۔