بچے اغوا کا الزام، وینا ملک کا ایف آئی اے سے رابطہ

November 20, 2020

اداکارہ وینا ملک نے سابق شوہر اسد خٹک کے بچے اغوا کرنے اور اُن کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ہیک کرنے کے سنگین الزامات کے بعد وفاقی تفتیشی ادارے (ایف بی آئی) سے رابطہ کرلیا۔

وینا ملک کا حالیہ سوشل میڈیا پیغام میں کہنا تھا کہ میرے خلاف پیسے دے کر سوشل میڈیا پر مہم چلائی گئی جس کے جواب میں میری جانب سے ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ میں کیس رجسٹرڈ کروادیا گیا ہے۔

انہوں نے دستاویزات شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ ’ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) فیڈرل انویسٹیگیشن بورڈ (ایف آئی اے) نے کردارکشی، بلیک میلنگ اور جھوٹے الزامات پر مبنی پیسے دے کر چلوائی جانے والی سوشل میڈیا مہم کے حوالے سے کیش رجسٹر کرلیا ہے۔‘

وینا ملک نے بتایا کہ میرے خلاف چلائی جانے والی مہم پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ ایکشن لے رہی ہے۔

اپنے ٹوئٹ کے آخر میں وینا ملک نے ’شکریہ سائبر کرائم ایف آئی اے‘ بھی لکھا۔

خیال رہے کہ وینا ملک نے کیمرے کی روشن آنکھوں، ہر سو رونقیں بکھیرتی روشنیوں اور رنگ برنگی گلیمر کی دنیا کو اچانک خیر باد کہہ کر اپنے شوہر کے ساتھ گھر بسانے کا ارادہ کیا تھا۔

اداکارہ وینا ملک ایک مرتبہ پھر شہ سرخیوں میں ہیں کیونکہ ان کے شوہر نے اپنے ہی بچے اسمگل کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں 50 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔

گزشتہ دنوں اسد خٹک نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’بہت سوچا لیکن اب صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا، میری خاموشی کو بزدلی سمجھا گیا۔ مجھے امید ہے کہ ایک باپ کو انصاف ملے گا کیونکہ اللہ کے ہاں دیر ہے اندھیر نہیں۔ جس اذیت سے میں گزر رہا ہوں کسی کو جواب دینا ہوگا۔ میں نے وینا ملک کو 50 کروڑ ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا ہے۔‘

اداکارہ و میزبان وینا ملک شوہر کے سنگین الزامات کے بعد میدان میں آئیں اور کہا کہ قانون اور شریعت کی رو سے25 ستمبر 2019 سے بچوں کی سرپرستی میرے پاس ہے۔

اداکارہ نے 2017 میں اسد خٹک سے طلاق لی، انہوں نے طلاق نامہ بھی شیئر کیا۔

وینا ملک نے 25 دسمبر 2013 کو اسد خٹک سے دبئی میں شادی کی تھی۔ ان کے دو بچے ہیں۔