اپوزیشن اتحاد کا مسئلہ عوام نہیں ان کی اپنی ذات ہے، شہباز گل

November 21, 2020


وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گل نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن اقتدارسے دوری میں منافقت کی ہر حد پھلانگ چکے ہیں۔

شہباز گل نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم ) اور جمعیت علماء اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے بیان پر ردعمل دیتےہوئے کہاکہ اپوزیشن اتحادمفاد پرست ٹولے پر مشتمل ہے۔

انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کے بنیادی اغراض و مقاصد قوم سے لوٹا ہوا مال بچانا ہے،یہ لوگ پہلے مل کر عوام کو لوٹ چکے اب انہیں جان لیوا وبا( کورونا وائرس) میں جھونکنا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوسی نے مزید کہاکہ مولاناصاحب اقتدار سے دوری میں منافقت کی ہر حد پھلانگ چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ کورونا وائرس کے باوجود مثبت معاشی اشاریے اپوزیشن اتحاد کے ارسطوؤں کے منہ پر طمانچہ ہے۔

شہباز گل نے یہ بھی کہاکہ عوام جانتے ہیں کہ پی ڈی ایم عوامی مفاد کے منافی ہے، عمران خان قوم کے خیر خواہ ہیں اس لیے جلسے موخر کیے۔

انہوں نے کہا کہ ان کا مسئلہ عوام نہیں اپنی ذات ہے اس لیے دھرنے کرنے پر مصر ہیں،ان کے نزدیک کرپشن کا مال بچانا ان کی ترجیح ہے، کورونا نہیں۔