جرمن شہر اوبرہازن میں چاقو سے حملہ، متعدد افراد زخمی

November 22, 2020

برلن (این این آئی)جرمنی کے مغربی شہر اوبرہازن میں چاقو سے کیے جانے والے ایک حملے میں متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حکام نے بتایاکہ بظاہر یہ واقعہ خاندانی جھگڑے کی وجہ سے پیش آیا۔ مشتبہ حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمنی کے مغربی شہر اوبرہازن میں حکام کا کہنا تھا کہ ایک شخص نے چاقو سے متعدد افراد پر حملہ کر دیا۔ اس واقعے میں پانچ افراد زخمی ہوئے۔ حملہ آور سمیت تمام افراد کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ کم از کم ایک شخص کو شدید زخم آئے ۔ حکام نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے جرمن خبر رساں ادارے کو بتایا کہ مشتبہ ملزم بھی زخمی ہوا، جسے بعد میں حراست میں لے لیا گیا۔ زخمیوں کو علاج کے لیے ایک مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ابھی تک یہ واضح نہیں کہ حملے کی وجہ کیا تھی لیکن پولیس کا کہناتھا کہ بظاہر ایسا لگتا ہے یہ واقعہ ایک خاندانی جھگڑے کی وجہ سے پیش آیا۔ پولیس کے ایک ترجمان نے کہا کہ اس بات کا کوئی اندیشہ نہیں کہ حملے کا تعلق دہشت گردی سے ہے۔ یہ حملہ اوبرہازن میں مقامی وقت کے مطابق شام سات بجے پیش آیا۔ پڑوسیوں نے ہنگامہ آرائی کی آواز سن کر پولیس کو کال کی، جس نے فوری طور پر جائے واردات پر پہنچ کر کارروائی شروع کی۔ پولیس حکام نے نصف شب سے پہلے پہلے اپنی تمام تر کارروائی مکمل کر لی تھی۔مقامی پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرنے میں محکمہ ایزین سے مدد بھی طلب کی۔ واقعے کی مزید تفتیش ابھی جاری ہے۔