غیر سنجیدہ ٹوئٹس، پی ٹی آئی کا آفیشل سوشل میڈیا اکائونٹ تنقید کی زد میں

November 22, 2020

اسلام آباد (خبر ایجنسی) حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کا آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ ’’غیر سنجیدہ‘‘ ٹوئٹس کے باعث تنقید کی زد میں آگیا.

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی جانب سے آج پشاور میں حکومتی اجازت نہ ملنے کے باوجود بھی جلسہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

مقامی انتظامیہ کی جانب سے کورونا کی صورتحال کے پیش نظر اجازت نہیں دی گئی تاہم اب ملک کا سیاسی ماحول بھی گرم ہوگیا ہے اور سوشل میڈیا پر حریفوں کے خلاف پوسٹیں لگائی جانے لگیں۔حکمران جماعت کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اور دیگر قائدین کی تصاویر کورونا پیغامات کے ساتھ شیئر کی گئی ہیں۔

مریم نواز کے گلگت بلتستان میں کیے گئے ایک جلسہ عام کی تصویر لگا کر کہا گیا کہ کورونا میک اپ اور پلاسٹک سرجری سے نہیں ڈرتا، بزرگ سماجی فاصلے میں خاص خیال رکھیں۔اسی طرح پی ڈی ایم رہنماؤں کی تصاویر لگا کر کہا گیا کہ کورونا اور پی ڈی ایم کے درمیان ایم او یو پر دستخط، پاکستان میں آئندہ مل کر کام کرنے پر اتفاق۔ اس پوسٹ کو پی ٹی آئی کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ری ٹوئٹ کیا گیا ہے۔

ایک اور پوسٹ جس کو پاکستان تحریک انصاف کے آفیشل اکاؤنٹ سے ری ٹوئٹ کیا گیا ہے، اس میں مریم نواز ایک بچے کو گود میں اٹھائے ہوئے ہیں اور اس پر کہا گیا ہے کہ مریم نواز نے کورونا کو گود لے لیا۔

اس کے علاوہ بھی دیگر سیاسی مخالفین کے حوالے سے پوسٹیں کی گئی ہے تاہم سوشل میڈیا صارفین نے اس عمل پر سخت ناگواری کا اظہار کیا ہے۔