تعلیمی اداروں میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز میں سب سے زیادہ اضافہ

November 23, 2020

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق پاکستان میں تعلیمی اداروں میں گزشتہ ایک ہفتے میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح سب سے زیادہ 82 فیصد رہی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے سربراہ اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں بتایا گیا کہ ملک میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی مجموعی شرح 7 اعشاریہ 46 فیصد ہوگئی جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح11 اعشاریہ 45 فیصد تک جا پہنچی ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کے زیر صدارت اجلاس میں وزیر تعلیم شفقت محمود، معاون خصوصی صحت فیصل سلطان اور دیگر حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں کورونا کیسز میں اضافے، تعلیمی سرگرمیوں پر اثرات اور دیگر اقدامات پر غور کیا گیا۔

این سی او سی کے مطابق بلوچستان میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنےکی شرح 7.73،گلگت بلتستان 5.23، اسلام آباد 8.09، خیبرپختونخوا 9.85، سندھ 9.63 اور پنجاب میں 3.95 فیصد ہے جب کہ راولپنڈی، ملتان، لاہور، فیصل آباد، کراچی، حیدرآباد، پشاور، ایبٹ آباد اور سوات کورونا سے متاثرہ شہروں میں شامل ہیں۔

این سی او سی کے مطابق 2 ہفتوں کے دوران کورونا کے تشویشناک مریضوں کی تعداد میں دوگنا اضافہ ہوا ہے۔

این سی او سی کے اجلاس میں بتایا گیا کہ کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے گزشتہ ایک ہفتے میں تعلیمی اداروں میں مثبت کیسز کی شرح 82 فیصد رہی جو 1.8 فیصد سے بڑھ کر 3.3 فیصد ہوگئی۔