شوگران: خود کو اچانک روئی کے گالوں میں گھرا دیکھ کر سیاح دم بخود

November 24, 2020

مانسہرہ کے بالائی علاقوں میں اچانک برف باری سے سیاحوں کی خوشی میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

خوبصورت وادیٔ شوگران میں اچانک خود کو روئی کے گالوں میں گھرا دیکھ کرسیاح دم بخود رہ گئے۔

مانسہرہ کے بالائی علاقوں میں شدید برف باری سے کاغان سے آگے شاہراہ بند ہوئی تو دور دراز سے آنے والے سیاحوں نے شوگران کا رخ کر لیا۔

یہاں آئے کچھ سیاحوں کا کہنا ہے کہ لوگ سوئٹزر لینڈ جاتے ہیں، جبکہ ہمارے پاکستان میں بھی سوئٹزر لینڈ موجود ہے، ہم کوئٹہ سے شوگران آکر بہت انجوائے کر رہے ہیں۔

نامساعد حالات میں برف سے ڈھکے انتہائی دشوار گزار شوگران روڈ پر سفر کرنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہے مگر ایسے میں سیاح ہوٹل میں گرما گرم ماحول دیکھ کر تعریف کیئے بغیر نہیں رہ سکے۔

ایک سیاح کا کہنا تھا کہ میرے چھوٹے بچے ہیں مگرانہیں محسوس تک نہیں ہوا کہ یہ گھر سے باہر ہیں، یہاں کے لوگ بہت زبردست ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اتنی برف باری میں بھی 24 گھنٹے گرم پانی و بجلی کا انتظام ہے، کھانے، پینے، چائے سمیت ہر چیز گرم اور بہترین مل رہی ہے۔

سیاحوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر انتظامیہ برف باری کے دوران شوگران روڈ کی مسلسل صفائی کا انتظام کر لے تو سیاحت کا لطف دوبالا ہو جائے۔