بختاور بھٹو زرداری کی منگنی کی تیاریاں جاری

November 25, 2020


سابق وزیراعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری کی بڑی صاحبزادی بختاور بھٹو زرداری کی محمود چوہدری کے ساتھ منگنی کی تیارں زور و شور سے جاری ہیں۔

بختاور بھٹو زرداری اور محمود چوہدری کی منگنی کی تقریب جمعہ 27 نومبر کی شام بلاول ہاؤس کراچی میں ہوگی

ذرائع کے مطابق محمود چوہدری کے خاندان کے تمام افراد کل کراچی پہنچیں گے، جن کی مہمان داری کے لیے بلاول ہاؤس کا عملہ مقرر کردیا گیا ہے۔

سابق صدر کی صاحبزادی اور محمود چوہدری کی منگنی کی تقریب بلاول ہاؤس کے اوپن ایریا میں ہوگی۔

ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری صاحبزادی کی منگنی کی تقریب سے متعلق جاری تیاریوں سے مکمل طور پر آگہی رکھے ہوئے ہیں۔

حفاظتی اقدامات کے پیش نظر بلاول ہاؤس میں تعینات عملے کے کورونا وائرس کے سیمپل لے لیے گئے ہیں جبکہ تقریب کی کیٹرنگ کمیٹی کے تعینات اسٹاف کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ ہوگا۔

تقریب کے لیے بلاول ہاؤس کی سجاوٹ کرنے والا عملہ تمام کام جمعرات کی رات تک مکمل کرلے گا۔

ذرائع کے مطابق مہمانوں کو کورونا وائرس سے متعلق حکومتی ضوابط (ایس او پیز) پر مکمل عمل کرنا ہوگا۔