فخر عالم گزشتہ 12 گھنٹوں سے بجلی کی عدم فراہمی پر آگ بگولہ ہوگئے

November 26, 2020

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) گلوکار فخر عالم گزشتہ 12 گھنٹوں سے بجلی کی عدم فراہمی پر آگ بگولہ ہوگئے، بجلی سے محرومی پر گلوکار نے کے الیکڑک پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ناکارہ قرار دے دیا۔پاکستانی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف گلوکار و میزبان فخر عالم بھی کے الیکڑک کے ظلم کا نشانہ بن گئے، گزشتہ رات موسم سرما کی پہلی بارش کے بعد سے اداکار کے گھر سے بجلی غائب ہے۔فخر عالم نے بجلی کی غیر معمولی لوڈشیڈنگ پر کہا کہ ‘گزشتہ رات کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے فیز 6 میں رات 10 بج کر40منٹ پر ہلکی بارش کا آغاز ہوا تھا اور11بج کر15منٹ پر لائٹ چلی گئی’۔میزبان نے بتایا کہ گزشتہ رات بجلی کی معطلی کے بعد اب تک 12گھنٹے گزر چکے ہیں لیکن کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی بحال نہیں کی گئی۔فخر عالم نے کے الیکٹرک کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگلے مون سون میں بھی آپ لوگ ہمیشہ کی طرح ناکارہ ہی رہیں گے۔