30نومبر سے تجاوزات کیخلاف آپریشن کا فیصلہ، شہری حقیقی کارروائی کے منتظر

November 27, 2020

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) معلوم ہوا ہے کہ وزیراعلٰی پنجاب کے حکم پر راولپنڈی میں 30نومبر سے تجاوزات کیخلاف آپریشن شروع کیا جائے گا جس کے لئے چیف میٹروپولیٹن افسر سید علی عباس بخاری ودیگر حکام نے دکانداروں کے نمائندوں کو اعتماد میں لینے کیلئے رابطے کئے ہیں۔آپریشن میں ٹریفک ومقامی پولیس اور آر ایم سی کا عملہ حصہ لے گا پہلے مرحلے میں فوارہ چوک، لیاقت مارکیٹ، اقبال روڈ، جامع مسجد روڈ، باڑہ بازار، ٹرنک بازار، بازار تلواڑاں، سبزی منڈی اور موچی بازار ہدف ہونگے، چیف افسر کا کہنا ہے کہ سیاسی اثر ورسوخ سے بالا ہو کر تجاوزات کیخلاف بھرپور آپریشن کریں گے۔ شہریوں کے مطابق اگر اس اعلان پر حقیقت میں عمل ہو جاتا ہے تو اہل راولپنڈی اس کا خیرمقدم کریں گے کیونکہ تجاوزات کے باعث اس وقت شہر میں لوگوں کی زندگی مشکل بنی ہوئی ہے، پیدل چلنے والوں سے فٹ پاتھ تو پہلے ہی چھن چکے تھے اوراب سیاسی سرپرستی اور کارپوریشن کے عملے کی ملی بھگت سے تجاوزات سڑکوں پر بھی آچکی ہیں، سرکلر روڈ، جامع مسجد روڈ، نمک منڈی، باڑہ مارکیٹ، ٹرنک بازار، سٹی صدر روڈ، گنج منڈی، بوہڑ بازار، اقبال روڈ، کمرشل مارکیٹ، صادق آباد، مسلم ٹائون، پیرودھائی، مصریال روڈ، چکری روڈ اور سیدپور روڈ سمیت پورا شہر لاقانونیت کی زندہ مثال ہے۔ اب تو سیاسی اثر ورسوخ کے باعث قبرستان کی زمینوں پر بھی قبضہ ہو رہا ہے اور کارپوریشن کے افسران کو گھروں پر بلوا ایک مخصوص افسر کی تابعداری کے احکامات جاری ہو رہے ہیں ۔