بڑھتی مہنگائی،غریبوں کیلئے روٹی کا حصول بھی مشکل، حکام بے بس

November 30, 2020

راولپنڈی(خبر نگار خصوصی) راولپنڈی میں بھی مہنگائی نے شہریوں کا جینا محال کر دیا ۔غریب آدمی ایک وقت کی روٹی کھانے سے بھی محروم ہو چکا ہے۔راولپنڈی کے مختلف علاقہ جات میں موجود مارکیٹوں میں اشیاء خوردونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور دکاندار بھی اپنے من مانے ریٹس پر اشیاء ضروریہ فروخت کر رہے ہیں۔جبکہ غریب شہری روز مرہ ضرورت کی اشیاء مہنگے ترین داموں خریدنے پر مجبور ہیں۔مارکیٹ میں موجود دکانوں پر سرکاری ریٹ لسٹ آویزاں نہیں کی جاتیں اور جن دکانوں پر سرکاری ریٹ لسٹ موجود ہو وہ دکاندار سرکاری ریٹ لسٹ کے بجائے اپنی مرضی کے ریٹ پر اشیاء ضروریہ فروخت کر رہے ہیں۔غریب آدمی کے لیے بجلی ،پانی ،گیس کے بل اور سکول کی فیسیں دینا مشکل ہو چکا ہے اور باقی کسر مہنگائی میں روز بروز ہونے والےبے تحاشہ اضافہ نے پوری کر دی ہے۔حکومت اور انتظامیہ دونوں اس بڑھتی مہنگائی کو کنٹرول کرنے میں پوری طرح ناکام نظر آرہی ہے۔موجودہ دور حکومت میں غریب اور محنت کش طبقہ پر مہنگائی کا وہ بوجھ ڈالا جا رہا ہے جو نا قابل برداشت ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ عوام سے جو وعدے اور دعوے کیے گئے تھے ان میں سے ایک بھی پورا نہیں ہو سکا ۔غربت ،مہنگائی اور بے روزگاری میں بے تحاشا اضافہ ہو چکا ہے جس کی وجہ سے جرائم کی شرح میں بھی بے حد اضافہ ہو چکا ہے۔سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق سبزیوں میں آلو(اول)84سے88روپے فی کلو، آلو(دوئم)80سے84، آلو (سٹور) 50سے54، پیاز(اول)58سے62، پیاز (دوئم)54سے58، ٹماٹر(اول)105سے115، ٹماٹر(دوئم)95سے105، لہسن(دیسی)80سے90، لہسن(چائینہ)186سے190، ادرک(چائینہ)186سے190، ادرک(تھائی لینڈ)570سے580، لیموں(چائینہ)76سے80، سبز مرچ190سے200، شملہ مرچ190سے200، کھیرا22سے26، کریلا92سے96، پھول گوبھی54سے58، بند گوبھی82سے86، گھیا کدو54سے58، بینگن28سے32، بھنڈی78سے82، شلجم22سے26، مولی14سے18، گاجر70سے74، سبز توری58سے62، اروی110سے115، مٹر100سے110، ٹینڈہ(ولائتی)52سے56، ٹینڈہ (ماڑو)32سے36، حلوہ کدو34سے38، میتھی(فی گڈی)12سے14، دھنیا (فی گڈی)6سے8، پالک(فی گڈی)18سے20روپے ۔ اسی طرح پھلوں میں سیب(اول)110سے120 روپے فی کلو، سیب (سفید)70سے80، سیب(گولڈن)75سے85، امرود70سے80، آڑو70سے80، انار (قندھاری)120سے140، انگور220سے230، گرما190سے200، گنڈیری60سے70، کھجو(پاکستانی)140سے150، جاپانی پھل85سے95، کینو(فی درجن)50سے60، فروٹر(فی درجن)65سے75، مالٹا(فی درجن)60سے70، کیلا(اول)70سے80، کیلا(دوئم)60سے70 روپے فی درجن ۔لیکن راولپنڈی کی مارکیٹوں میں اس کے برعکس سبزیوں میں آلو(اول)95سے105روپے فی کلو، آلو(دوئم)90سے100، آلو(سٹور)60سے75 فروخت ہو رہا ہے۔