اپوزیشن اتحاد عوامی مدد کی بجائے کورونا خطرات میں ڈال رہا ہے، راشد حفیظ

November 30, 2020

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا اتحاد کورونا کی دوسری لہر کو سمیٹنے میں عوام کی مدد کرنے کی بجائے انہیں کورونا خطرات کے آگے ڈال رہا ہے ۔ ہماری حکومت تمام ممکنہ وسائل کو یکجا کرکے عوامی بہبود کے منصوبوں پر خرچ کر رہی ہے ۔ گیس اور بجلی سے متعلقہ عوام کے اجتماعی مسائل کے حل کیلئے حکومت نتیجہ خیز اقدامات اٹھا رہی ہے اور خود وزیر اعظم عمران خان نے بھی اس سلسلے میں متعلقہ محکموں کے ارباب اختیار کر ہدایات جاری کر دی ہیں ۔ انہوں نے یہ بات کھلی کچہری کے دوران عوام کے مسائل سنتے ہوئے کہی ۔ راجہ راشد حفیظ کو لوگوں نے اپنے علاقے کے اجتماعی و انفرادی مسائل سے آگاہ کیا جن کے حل کیلئے صوبائی وزیر نے موقع پر ہی آن لائن ہدایات جاری کیں ۔ راجہ راشد حفیظ نے سوئی گیس کے کم پریشر سے متعلقہ لوگوں کی اجتماعی شکایت پر انہیں بتایا کہ وہ خود دو روز قبل محکمہ سوئی گیس کے ایم ڈی سے مل کر اس مسئلے کے فوری اور پائیدار حل کی یقین دہانی حاصل کر چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے دیگر اضلاع اور تحصیلوں کی طرح راولپنڈی شہر میں بھی تعمیراتی کاموں کا جال بچھا ہوا ہے جن کی بروقت تکمیل کیلئے وہ متعلقہ محکموں کے حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ اپنے حلقے میں متعدد یونین کونسلوں کے اندر فراہمی آب کے نئے منصوبے لگا چکے ہیں جبکہ ضرورت اور وسائل کی دستیابی کو دیکھتے ہوئے وہ دیگر علاقوں میں بھی نئے منصوبے شروع کریں گے ۔ اسی طرح سڑکوں و گلیوں اور سیوریج سسٹم کی بہتری کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔