انسداد پولیو مہم کا افتتاح، 9 ملین بچوں کو ویکسین کے قطرے پلائے جائینگے

December 01, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے انسداد پولیو مہم کا افتتاح کردیا۔ مہم کے دوران صوبے بھر میں 9 ملین بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جس میں سے کراچی میں رہائش پذیر بچوں کی تعداد 2 ملین سے زیادہ ہے۔وزیر صحت نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے اور تحائف بھی تقسیم کیے۔ اس موقع پر وزیر صحت نے والدین سے گزارش کی کہ مہم کے دوران اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے ضرور پلائیں اور انہیں عمر بھر کی معذوری سے بچائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی آپریشن سنٹر برائے پولیو سندھ کی جانب سے سندھ بھر میں 30نومبر سے 6دسمبر 2020تک پولیو مہم چلائی جائے گی ۔ اس مہم کے دوران عالمی ادارہ صحت کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کی تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے گا جس میں پولیو ورکرز کا ماسک پہننا اور تعیناتی سے قبل بخار چیک کرانا، بچوں کو براہ راست نہ سنبھالنا، گھروں میں داخل نہ ہونا، اہل خانہ کے ساتھ محدود وقت گزارنا اور قلم یا کہنی کے ساتھ دروازے پر کھٹکھٹانا شامل ہیں۔