ایف بی آر نے مقررہ ہدف سے 20 ارب زائد کا ریونیو حاصل کرلیا

December 01, 2020


فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے جولائی تا نومبر کے دوران ہدف سے زائد ریونیو حاصل کرلیا ہے۔

ایف بی آر نے نومبر میں 350 ارب روپے کا ٹیکس اکٹھا کرلیا جبکہ رواں مالی سال کے 5 ماہ (جولائی تا نومبر ) میں 1690 ارب روپے کا ٹیکس اکٹھا کیا ہے ۔

اس دورانیے میں ایف بی آر کا ہدف 1670 ارب روپے تھا ،یوں انہوں نے ہدف سے 20 ارب روپے زائد کا نیٹ ریونیو حاصل کرلیا۔

گزشتہ سال اس ہی دورانیے کے دوران ایف بی آر نے 1 ہزار 623 ارب روپے کا نیٹ ریونیو حاصل کیا تھا۔

ایف بی آر انکم ٹیکس کی مد میں 577 ارب روپے حاصل ہوئے، ایف بی آر سیلز ٹیکس سے حاصل کردہ ریونیو 743 ارب ہے۔

حکام کے مطابق ایف بی آر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 104 ارب اور کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 264 ارب روپے کی آمدن رہی۔