برطانیہ: کورونا ویکسین کی منظوری، بورس جانسن کا خیر مقدم

December 02, 2020

برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن کا کہنا ہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کی ویکسین کے استعمال کے بعد زندگی معمول پر آنی شروع ہو جائے گی۔

برطانیہ میں کورونا ویکسین کی منظوری پر بورس جانسن نے فیصلے کا خیر مقدم اور اظہار اطمینان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویکسین استعمال کی منظوری بہت زبردست خبر ہے، زندگی معمول پر آنے سے معیشت کا پہیہ بھی دوبارہ سے چل پڑے گا۔

خیال رہے کہ برطانیہ کی جانب سے امریکی دوا ساز کمپنی فائزر/بائیواین ٹیک ویکسین کے استعمال کی اجازت دے دی گئی ہے، برطانیہ کوروناوائرس ویکسین کے استعمال کی منظوری دینے والا پہلا ملک بن گیا۔

برطانوی ہیلتھ ریگولیٹری ایجنسی کی جانب سے امریکی اور جرمن دواساز کمپنیوں فائزر اور بائیواین ٹیک کی کورونا وائرس ویکسین کو محفوظ قرار دینے پر حکومت نے ویکسین کے استعمال کی اجازت دے دی ہے، ویکسین اگلے ہفتے سے دستیاب ہوگی۔