وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی سابقہ اہلیہ اور پروڈیوسر جمائما خان نے برطانوی حکومت سے بچاؤ کیلئے کورونا سے مدد مانگ لی۔
سوشل میڈیا پر اپنی حکومت کے خلاف بےباک اظہار خیال کرنے والی جمائما نے اپنے حالیہ ٹوئٹ میں ایک بار پھر ڈھکے چھپے الفاظ میں حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا دیا۔
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’ہم اس مقام پر پہنچ چکے ہیں کہ کورونا وائرس خود ایک پریس کانفرنس کرے اور ہمیں بتائے کہ اس حکومت سے کیسے چھٹکارا حاصل کیا جاسکتا ہے۔‘
جمائما کے اس ٹوئٹ پر حکومت کے ناقدین کھل کر اظہار خیال کررہے ہیں، فاطمہ خان نامی صارف نے لندن کے میئر صادق خان کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ جمائما حکومت سے تحفظات کا شکار ہیں، ان کے مسائل کی جانب بھی توجہ دیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ جمائما کی موجودہ صورتحال پر کئے جانے والے تبصرے مزاحیہ ہونے کے ساتھ ساتھ فکر انگیز بھی ہیں۔
خیال رہے کہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا ہے کہ کورونا سے متعلق ہمیں اب ضروری اقدامات کرنا ہیں۔ برطانوی عوام کی سمجھداری سے ہم کورونا کی بدترین صورتحال سے بچتے رہے ہیں۔
لندن میں برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے بورس جانسن نے مزید کہا کہ اب ہم کورونا کی خطرناک صورتحال کے موڑ پر پہنچ گئے ہیں۔ ہم نے کورونا کےخلاف کام نہ کیا تو یومیہ اموات کی تعداد سیکڑوں ہوسکتی ہیں۔