زینب عباس نے شادی کی سالگرہ پر پرانی یادیں تازہ کردیں

December 02, 2020

معروف پاکستانی اسپورٹس پریزنٹر زینب عباس نے شادی کی پہلی سالگرہ پر پرانی یادوں کو تازہ کردیا۔

زینب عباس نے والدہ عندلیب عباس اور والد کے ہمراہ شادی کی تقریب کی ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ایک سال ہوگیا کہ جب آپ نے مجھے کسی دوسرے کے حوالے کیا۔‘


خیال رہے کہ زینب اور حمزہ کی ایک سال قبل لاہور میں شادی ہوئی تھی۔ حمزہ سابق وزیر خزانہ اور سابق گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان شاہد حفیظ کاردار کے بیٹے ہیں۔

دوسری جانب زینب سابق فرسٹ کلاس کرکٹر ناصر عباس اور سیاستدان عندلیب عباس کی بیٹی ہیں۔ زینب کے والد بطور بالر ڈومیسٹک کرکٹ میں فیصل آباد اور حافظ آباد کے لئے کھیلتے تھے جبکہ ان کی والدہ عندلیب عباس پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سینئر ممبر ہیں۔

یاد رہے کہ زینب عباس کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ایونٹس میں پریزنٹر بننے کے بعد کھیلوں کی دنیا میں شہرت حاصل ہوئی۔

زینب عباس کو انگلینڈ اور ویلز میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے رپورٹنگ پینل میں بھی شامل کیا گیا تھا۔

زینب عباس کھیلوں اور بالخصوص کرکٹ ٹورنامنٹ کو کوور کرتی ہیں انہوں نے مختصر عرصے میں اپنی صلاحیتوں کی بنیاد پر بین الاقوامی میڈیا تک رسائی حاصل کی اور ورلڈ کپ میں بھی ذمہ داریاں انجام دیں۔

برطانوی یونیورسٹی ’وارویک ‘ سے مارکیٹنگ اور اسٹریٹجی میں ماسٹرزکی ڈگری حاصل کرنے والی زینب اپنے بارے میں کہتی ہیں کہ اسپورٹس میں میرا صحافتی سفرمحض’ اتفاقیہ‘ ہے،کچھ برس قبل کرکٹ کے تئیں میرے جنون نے ورلڈ کپ پینل شوکے لیےمجھے آڈیشن ٹیسٹ میں لا کھڑا کردیا۔