مودی حکومت نے دھمکی آمیز پیغامات بھیجے، محبوبہ مفتی

December 03, 2020


مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ وادی کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے مودی سرکار کے فیصلے کو قبول نہ کرنے پر مودی حکومت نے انہیں دھمکی آمیز پیغامات بھیجے ۔

کشمیری میڈیا کو انٹرویو میں محبوبہ مفتی کا کہنا تھا کہ بھارتی سرکار نے انہیں براہ راست اور درپردہ ایسے پیغامات بھیجے جن میں کہا گیا کہ لائن پر آجاؤ ورنہ نتائج بھگتنے کے لیے تیار رہو۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت وادی کی مسلمان اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے، بھارتی سرکار کے یکطرفہ فیصلے سے وادی کے لوگ اب تک صدمے میں ہیں۔

مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں کا مقابلہ ہندوؤں سے کیا جاتا ہے لیکن وادی میں بھارت مسلمانوں اور ڈوگرہ قوم میں تصادم چاہتا ہے۔

واضح رہے کہ بھارت نے گزشتہ سال 5 اگست سے مقبوضہ وادی کی خصوصی حیثیت کے آرٹیکل کو منسوخ کر کے وادی میں لاک ڈاؤن کیا ہوا ہے۔