عماد وسیم بگ بیش میں میلبورن رینگیڈ کے لیے کھیلیں گے

December 03, 2020

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیمبگ بیش میں میلبورن رینگیڈ کے لیے کھیلیں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم اس سیزن میں آسٹریلیا کی ٹی20لیگ بگ بیش میں میلبورن رینگیڈ کے لیے کھیلیں گے، تاہم نیوزی لینڈ کے دورے پر موجود بائیں ہاتھ کے اسپنر میلبورن کے لیے پہلے تین میچوں کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے۔

عماد وسیم جو 18دسمبر کو اپنی 32ویں سالگرہ کا کیک کاٹیں گے، امکان ہے کہ کینبرا میں میلبورن رینگیڈ کے چوتھے میچ میں سڈنی تھنڈر کے خلاف دستیاب ہوں گے۔

یاد رہےکہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے عماد وسیم کو بگ بیش کے لیے این او سی جاری کردیا ہے۔

اس کے علاوہ میلبورن رینگیڈ نے بھی عماد وسیم کے ساتھ باقاعدہ معاہدے کی تصدیق کر دی ہے۔

پاکستان کے لیے 55 ون ڈے اور 47 ٹی 20کھیلنے والے عماد وسیم کی قیادت میں کراچی کنگز نے پاکستان سپر لیگ 2020ء کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

عماد وسیم اس سال انگلینڈ میں ٹی 20 بلاسٹ کی چیمپئین ٹیم ناٹنگھم شائر کے لیے بھی کھیل چکے ہیں ۔