کورنگی انڈسٹریل ایریا میں تمام چورنگیاں ختم کرکے ٹریفک سگنل نصب کرنے کا فیصلہ

December 04, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی نے کہا ہے کہ کورنگی انڈسٹریل ایریا میں تمام چورنگیاں ختم کرکے چوراہوں پر ٹریفک سگنل نصب کیے جائیں گے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ناظم آباد پیٹرول پمپ چورنگی اور بقائی اسپتال کے اطراف لگائے گئے تمام اشتہاری بورڈز ہٹا دیئے جبکہ کورنگی صنعتی علاقے میں بروکس چورنگی، انڈس چورنگی،شان چورنگی اور ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں ہائپر اسٹار چورنگی، دو تلوار چورنگی اور تین تلوار چورنگی سے بھی تمام اشتہاری بورڈز اور اشتہاری مواد ہٹا دیا گیا، واضح رہے کہ کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کراچی کے تمام اضلاع میں واقع چورنگیوں پر نصب اشتہاری بورڈز اور ہر قسم کا اشتہاری مواد ہٹانے کے احکامات دیئے تھے جس کی تعمیل میں سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات بشیر صدیقی کی زیر نگرانی ڈسٹرکٹ سینٹرل، ساؤتھ اور کورنگی میں کارروائی کی گئی اور تمام اشتہاری بورڈز کو ہٹا دیا گیا، اس کارروائی میں علاقہ پولیس انسداد تجاوزات کے عملے کی معاونت کے لئے موجود تھی۔