تحریک انصاف کے ایم این اے فرخ حبیب کے نام پر فراڈ کا انکشاف

December 04, 2020

تحریک انصاف کے ایم این اے فرخ حبیب کے نام پر فراڈ کا انکشاف

کراچی (جنگ نیوز) سوشل میڈیا پرپاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ممبر قومی اسمبلی فرخ حبیب کے نام کا جعلی اکاؤنٹ بناکر لوگوں سے فراڈ کا انکشاف ہوا ہے جب کہ ملزم کو بھی فیصل آباد سے گرفتار کرلیا گیا۔

ایف آئی اے سائبر کرائم کے مطابق ملزم کے خلاف ایم این اے فرخ حبیب کی درخواست پر کارروائی کی گئی۔

ملزم لوگوں کو نوکریوں کا جھانسہ دے کر فراڈ کرتا تھا اور ایک خاتون سمیت 2 شہریوں سے 3 لاکھ 75 ہزار روپے لوٹ چکا ہے۔ ملزم یونیورسٹی اور سرکاری اسپتالوں میں نرسنگ کی نوکری کا جھانسا دیتا تھا۔

ایف آئی اے کے مطابق نوکری کیلئے ایک لڑکی کا رابطہ کرا کر ملزم کو گرفتار کرکے اس کے خلاف سائبر ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔