معذورافراد کیلئے مشاورتی بورڈ تشکیل دینگے،شہریارآفریدی

December 04, 2020

اسلام آباد(نامہ نگار)چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر شہریار خان آفریدی نےاس عزم کا اعادہ کیا ہےکہ وہ کشمیر کے بے آواز اور قوتِ سماعت سے محروم افراد کی آواز بنیں گے اور جدید تکنیک کے ذریعہ ان کی آواز کو دنیا بھر میں پہنچایا جائے گا معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر پارلیمان میں پاکستان کے پہلے قوتِ سماعت سے محروم بلاگر حسن علی سے ملاقات میں شہریار آفریدی نے کہا کہ قوتِ سماعت سے محروم برادری اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہے اور انہیں چیلنجوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت معذور افراد کی سہولت کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہزاروں لوگ سماعت سے محروم ہیں اور انہیں مدد کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کمیٹی ایک مشاورتی بورڈ تشکیل دے گی تاکہ قوتِ سماعت سے محروم لوگوں اور دیگر معذور افراد کو قومی دھارے میں لانے میں مدد ملے۔