نیوزی لینڈ کو پاکستانی کرکٹرز سے کورونا پھیلنے کا خطرہ، پی سی بی حکام پریشان، سیریز داؤ پر لگ گئی

December 05, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر)نیوزی لینڈ کی وزارت صحت نے پاکستانی ٹیم کو ٹریننگ کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ،جس کے بعدسیریز دائو پر لگ گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ جاری رکھنے سے متعلق قومی ٹیم کے کپتان اور کوچ سمیت مینجمنٹ سےرابطہ کر لیا ہے ۔

جمعے کو چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان نے نیوزی لینڈ میں ہیڈکوچ مصباح الحق اور کپتان بابراعظم سے رابطہ کیا اور نیوزی لینڈ حکومت کے فیصلے کے بعد کی صورتحال پر بات کی،انہوں نے نیوزی لینڈ کرکٹ کے ہم منصب سے بھی بات کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کپتان بابر اعظم اور ہیڈ کوچ مصباح الحق کھلاڑیوں سے مشاورت کر کے بورڈ کو آگاہ کریں گے ۔ چیئرمین پی سی بی احسان مانی فیڈ بیک کی روشنی میں بورڈ ممبرز سے مشاورت کرکے سیریز جاری رکھنے یا منسوخ کرنے کا فیصلہ کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کوچ اور کپتان کھلاڑیوں سے بات کر کے ان کی ذہنی کیفیت کے مطابق فیڈ بیک دیں گے، کھلاڑیوں نے آرام دہ محسوس کیا تو دورہ آگے بڑھنے کے امکانات ہوں گے۔

صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے پی سی بی نے باہمی مشاورت کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا جائے گا۔قبل ازیں جمعہ کو نیوزی لینڈ حکومت کے ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر ایشلے بلوم فیلڈ نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں ایکٹیو کووڈ کیسز موجود ہیں اور انہیں خدشہ ہے کہ اس سے وائرس مزید پھیل سکتا ہے۔

انہوں نے یہ فیصلہ تمام صورتحال جانچنے کے بعد کیا ہے،انہوں نےکہا کہ حکومت کی اولین ترجیح صحت عامہ ہے جس میں ملک کے عوام اورمہمان ٹیمیں بھی شامل ہیں، اس سے مہمان ٹیم کو چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا اور اسے برداشت کرنے پر وہ ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

امید ہے پاک ٹیم اس مشکل فیصلے کو قبول کرے گی۔ پی سی بی کے حکام کو امید تھی کہ کھلاڑیوں کو ٹریننگ کرنے کی اجازت مل جائے گی۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کو شیڈول کے مطابق نیوزی لینڈ پہنچنے کے تین دن بعد ٹریننگ کی اجازت ملنی تھی لیکن پہلے روز ٹیسٹ میں 6 افراد کے نتائج مثبت اور ایس او پی کی خلاف ورزی کے بعد اس اجازت کو معطل کردیا گیا۔

پی سی بی کے مطابق نیوزی لینڈ میں موجود قومی اسکواڈ میں شامل 54 میں سے 44 ارکان کے کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آ گئی ہے۔ باقی ماندہ 10 میں سے 6 ارکان کے ٹیسٹ کے نتائج مثبت جبکہ 4 کو ہسٹورک (نان انفیکشیس) کیسز قرار دیا گیا ان 10 ارکان کا روزانہ کی بنیاد پر ہیلتھ چیک اپ کیا جارہا ہے ان ارکان کے کوویڈ 19 ٹیسٹ نہیں لیے گئے۔

کرائسٹ چرچ میں موجود 43 ارکان کی چوتھی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ جمعرات کوہوئی تھی۔

اسکواڈ میں شامل ایک رکن آکلینڈ میں موجود ہیں، جہاں ان کی چوتھی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کی گئی نیوزی لینڈ کی وزارت صحت نے قومی اسکواڈ کو اپنی 14 روزہ آئسولیشن کی مدت ہوٹل میں ہی پوری کرنے کی ہدایت کی ہے۔

قومی اسکواڈ آئسولیشن کے دوران ٹریننگ نہیں کرے گا، پاکستان کرکٹ ٹیم کے آئسولیشن کا مرحلہ 8 دسمبر کو مکمل ہونا ہے، اس سے قبل بارہویں روز کی ٹیسٹنگ اتوار کو ہوگی، کلیئر افراد اسی روز کوئنز ٹاؤنر روانہ ہوں گے۔