کورونا ایس او پیز ،بزنس کمیونٹی اورضلعی انتظامیہ کا کمیٹی بنانے پر اتفاق

December 05, 2020

پشاور(لیڈی رپورٹر)ٍسرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیر باز بلور اور کمشنر پشاورامجد علی خان کے مابین بزنس کمیونٹی اورضلعی انتظامیہ کے درمیان کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد اورتاجروں کے تحفظات کو دور کرنے کے حوالے سے مشترکہ کمیٹی بنانے پر اتفاق ہوا ہے۔ مذکورہ کمیٹی میں سرحد چیمبرکے ممبران ٗتاجر رہنما اور ضلعی انتظامیہ کے افسران شامل ہوں گے۔ صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے کمیٹی کا اجلاس 15 روز میں ایک بار منعقد کیا جائے گا۔ یہ اتفاق رائے گذشتہ روز سرحد چیمبر کے صدر شیر باز بلور کی قیادت میں چیمبر کے وفد کی کمشنر پشاور امجد علی خان سے ملاقات کے دوران ہوا۔ سرحد چیمبر کے صدر شیر باز بلور نے کہاکہ کورونا وباء کی دوسری لہر کے خطرات سے انکار ممکن نہیں اور اس کے پیش نظر تاجر برادری کورونا ایس او پیز پر من و عن عمل درآمد کر رہی ہے تاہم صارفین کی جانب سے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے کی سزا تاجروں اور دکانداروں کو نہ دی جائے اور بزنس کمیونٹی کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہاکہ بزنس کمیونٹی قوانین کی مکمل پاسداری کرنے کے لئے ہر ممکن تعاو ن کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٗضلعی انتظامیہ اور بزنس کمیونٹی کے درمیان خوشگوار تعلقات صوبے کی معیشت اور کاروبار کیلئے سودمند ثابت ہوں گے۔ ملاقات کے دوران صنعتوں سے متعلقہ مسائل پر بھی بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر کمشنر پشاور امجد علی خان نے کہاکہ کورونا وائرس کی صورت حال شدت اختیار کرچکی ہے۔ اس لئے حکومتی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ اس وائرس کو کنٹرول اور خاتمہ کے لئے قوانین اور اقدامات پر من و عن عملدرآمد کروائے۔