ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی کی تعیناتی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

December 05, 2020

ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) خاقان مرتضیٰ کی تعیناتی اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردی گئی۔

نجی ایوی ایشن کمپنی کے سی ای او عاصم نواز نے خاقان مرتضیٰ کی تعیناتی کو چیلنج کیا اور اس حوالے سے درخواست دائر کردی ہے۔

درخواست گزار کا موقف ہے کہ سی اے اے میں ڈائریکٹر جنرل کی پوسٹ پر خاقان مرتضیٰ کی تعیناتی قواعد و ضوابط اور سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی ہے۔


درخواست میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت نے 28 نومبر کو ڈی جی سی اے اے کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔

عاصم نواز نے درخواست میں مزید کہا ہے کہ عالمی معیار کو مدنظر رکھ کر عالمی تنظیم کے تحفظات دور نہ کیے گئے تو سنگین نتائج ہوں گے۔

درخواست کے مطابق سلیکشن بورڈ نے 18 امیدواروں کو شارٹ لسٹ کر کے انٹرویوز کیے مگر کسی کو سیلیکٹ نہ کیا۔

عاصم نواز نے دائر درخواست میں یہ بھی کہا کہ شارٹ لسٹ کیے گئے 18 امیدوار موجودہ ڈی جی سے زیادہ اس عہدے کے لیے موزوں تھے۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالتی احکامات کے برعکس تعیناتی کرنے والوں کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی بھی کی جائے۔