ارجنٹینا: 12 ہزار امیر افراد پر کورونا وائرس ٹیکس عائد

December 06, 2020

کورونا وائرس کی بے قابو صورتِ حال کے باعث جنوبی امریکا کے ملک ارجنٹینا میں کووڈ 19 کی وباء سے نمٹنے کے لیے 12 ہزار امیر افراد پر ٹیکس لگا دیا گیا ہے۔

ارجنٹینا میں کورونا وائرس کے حوالے سے لگایا گیا یہ ملینیئرز ٹیکس طبی ساز و سامان اور امدادی سرگرمیوں پر خرچ کیا جائے گا۔

12 ہزار افراد پر ملینیئرز ٹیکس کے نفاذ کو ارجنٹینا کی سینیٹ نے منظور کیا ہے۔

ارجنٹینا میں کورونا وائرس 39 ہزار 632 زندگیاں نگِل چکا ہے، جبکہ اب تک اس کے 14 لاکھ 59 ہزار 832 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

ادھر جنوبی کوریا میں کورونا کی تیسری لہر کے خدشات کے پیشِ نظر سماجی اجتماعات پر پابندیاں مزید سخت کیئے جانے کا امکان ہے۔

جنوبی کوریامیں 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 631 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں ایک روز قبل 583 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

جنوبی کوریا میں کورونا وائرس کی وباء سے کُل اموات 545 ہو گئی ہیں جبکہ اب تک اس کے37 ہزار 546 مصدقہ متاثرین سامنے آئے ہیں۔

افریقی ملک جمہوریہ کانگو میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے سبب متاثرہ افراد کی مدد میں مشکلات کا سامنا ہے، طبی عملے کے پاس آکسیجن اسٹاک کی قلت ہو گئی ہے۔

جمہوریہ کانگو میں کورونا وائرس سے اب تک 94 ہلاکتیں ہوئی ہیں جب کہ 5 ہزار 774کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

فرانس میں گزشتہ روز کورونا وائرس کے مزید 12 ہزار 923 کیسز رپورٹ ہوئے۔

فرانس میں کورونا وائرس کی وباء سے مجموعی اموات 54 ہزار 981 ہو چکی ہیں، جبکہ اب تک کُل کیسز 22 لاکھ 81 ہزار 475 رپورٹ ہوئے ہیں۔

اٹلی میں کورونا کیسز میں کمی جاری ہے، تاہم 24 گھنٹوں میں 21 ہزار کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

اٹلی میں کورونا وائرس سے کُل اموات کی تعداد 59 ہزار 514 ہو گئی جبکہ اس کے کل کیسز 17 لاکھ 9 ہزار 991 ہو چکے ہیں۔

جرمنی کورونا وائرس کی ویکسی نیشن پر 6 بلین یورو خرچ کرے گا۔

جرمنی میں کورونا وائرس کی وباء سے اموات 18 ہزار 975 ہو گئی ہیں جبکہ اب تک اس کے 11 لاکھ 70 ہزار 95 مصدقہ متاثرین سامنے آئے ہیں۔

دوسری جانب دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 کروڑ 68 لاکھ 57 ہزار 969 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 15 لاکھ 34 ہزار 570 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 1 کروڑ 90 لاکھ 79 ہزار 202 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 1 لاکھ 5 ہزار 972 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 4 کروڑ 62 لاکھ 44 ہزار 197 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔