سندھ ایک ہے، جسے کوئی بھی توڑ نہیں سکتا، گورنر عمران اسمٰعیل

December 06, 2020

گورنر سندھ عمران اسمٰعیل نے کہا ہے کہ سندھ ایک ہے اور ایک ہی رہے گا، اسے کوئی بھی توڑ نہیں سکتا۔

سندھ ثقافتی دن کی مناسبت سے گورنر ہاؤس میں تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں اراکین اسمبلی، عمائدین شہر اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

تقریب سے عمران اسمٰعیل نے خطاب کیا اور کہا کہ سندھ کے عوام میں نفرت پھیلانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ذاتی اور سیاسی اختلاف ہوسکتے ہیں لیکن سندھ دھرتی کے معاملے پر ہم ایک ہیں۔


گورنر سندھ نے یہ بھی کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سندھ کے سب سے بڑے شہر کے لیے تاریخی پیکیج دیا، صوبے کے دیگر شہروں کو بھی ترقیاتی پیکیجز دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حیدرآباد اور سکھر کی حالت بھی بہت جلد بدلنے جارہی ہے۔

عمران اسمٰعیل کا کہنا تھا کہ بنڈل آئی لینڈ سندھ کا ہے اور سندھ کا ہی رہے گا، جزیرہ منصوبہ پر صوبائی اور وفاقی حکومت میں ہم آہنگی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بنڈل آئی لینڈ سندھ کی خوشحالی کا ضامن ہے، جزیرہ پرانڈسٹریز، فشنگ پلانٹس اور دیگر منصوبے بنائے جائیں گے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ان منصوبوں سے صوبے کے ڈیڑھ لاکھ سے زائد نوجوانوں کو روزگار ملے گا جبکہ 50 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔