ملک میں بارشوں کا دوسرا اسپیل، کراچی میں کوئٹہ کی ہوائیں چلیں گی

December 11, 2020


محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برف باری سے سردی کی شدت بڑھ گئی، جبکہ ملک بھر میں آج سے بارشو ں کا دوسرا سپیل دا خل ہو رہا ہے۔

ترجمان محکمہ موسمیات خالد ملک کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں برفباری کے سبب کراچی کا موسم سرد ہونے کا امکان ہے، آج شام یارات سے شہر میں کوئٹہ کی سرد ہوائیں چل سکتی ہیںاور 3 سے 4 روز تک سردی برقرار رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ کراچی میں درجہ حرارت 11سے12ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

گلگت بلتستان میں پہاڑوں پر وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے ، استورمیں گزشتہ رات سے برف پڑ رہی ہے اور بابوسر ٹاپ، نانگا پربت، فیری میڈوز،باٹو گاہ ٹاپ پر برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔

سوات ،شانگلہ ، اپردیراورلوئردیرمیں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، غذرمیں دو فٹ سے زائد برف پڑنے سے لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں اور پائپ لائن جم جانے سے پانی کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔

جنوبی وزیرستان کےبالائی علاقوں میں برف باری ہوئی ہے ، قلعہ عبداللہ، پشین، سرانان، بوستان میں بھی بادل برسے ہیں، کوژک ٹاپ پر موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی ہے۔

بلوچستان میں بارش برسانے والے بادل جم کربرسنے لگے ، چمن شہر میں بارش اورشمالی بلوچستان کے دیگرعلاقوں میں موسم سرماکی پہلی برفباری سے یخ بستہ ہوائیں چلنے لگی ہیں، کئی شاہراہوں پرٹریفک کی روانی متاثر ہے۔

سندھ کے شہروں خیرپور، جیکب آباد کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برسے ہیں ، ملتان ،راجن پوراوردیگرشہروں میں ہلکی بارش ہوئی ہے جبکہ مری اور گر دونواح میں مطلع ابرآلود ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک میں آج سے مزید بارشوں کا امکان ہے جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا، جبکہ اسلام آباد میں مطلع ابر آلود رہنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

کراچی میں آئندہ گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رات میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے.