’’ای یو ڈس انفو لیب‘‘نے بھارت کو بے نقاب کردیا،علی رضا سید

December 13, 2020

برسلز (حافظ انیب راشد) چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کہا ہے کہ یورپ کے ایک اہم ادارے ’’ای یو ڈس انفو لیب‘‘ نے اپنی غیرجانبدارانہ تحقیقات کے ذریعے بھارت کا جھوٹا اور اصل بھیانک چہرہ بے نقاب کیا ہے۔ ای یو ڈس انفو لیب کی طرف سے یورپ میں غلط اطلاعات و منفی پروپگنڈہ پھیلانے والے پاکستان مخالف بھارتی نیٹ ورک کے انکشاف کا خیرمقدم کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں علی رضا سید نے ان انکشافات کو اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔علی رضا سید نے کہاکہ ای یو ڈس انفو لیب کے بھارت کے بارے میں حقائق پر مبنی انکشافات کے بعد دنیا کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یو نے مزید کہاکہ بھارت ایک مدت سے یورپ کو پاکستان سے متعلق گمراہ کررہاتھا اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو دنیا سے چھپا رہا تھا۔ بھارت جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے اپنا بھیانک اور ظالمانہ چہرہ دنیا سے چھپاتا رہا ہے لیکن جھوٹ زیادہ مدت تک نہیں چل سکتا، بلآخر اسے بے نقاب ہونا ہی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں پچھلے سال جب سے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی گئی ہے، بھارت نے ظلم میں اضافہ کردیا ہے اور اس متنازع خطے کے شہریوں کو ان کے بنیادی حقوق سے محروم کردیا ہے۔ علی رضا سید نے کہاکہ دنیا معلوم ہونا چاہیے کہ کشمیریوں کے علاوہ بھارت میں بسنے والی دیگر اقوام بھی مودی حکومت جو فاشزم اور انتہاپسندی کو فروغ دے رہی ہے، کہ شر سے محفوظ نہیں۔ بھارت ان مظالم کو چھپانے کیلئے اپنے خفیہ نیٹ ورک کے ذریعے پروپیگنڈہ کرتا رہتا ہے تاکہ دنیا اس کے ان کالے کرتوتوں سے بےخبر رہے۔ چیئرمین کشمیرکونسل ای یونے عالمی برادری خصوصاً یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ وہ ہرگز مقبوضہ کشمیر کی خراب صورتحال پر بھارتی پروپیگنڈے میں نہ آئے۔